حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ اسلام آسان دین ہے ۔مگر افسوس ہمیں قرآن کی تعلیمات نظر نہیں آتی ہیں اور نہ سید المرسلین صادق اور امین کی حیات طیبہ پر ہم عمل کرتے ہیں۔ اللہ تعالی کی طرف سے نازل کردہ قرآن مجید اور سید المرسلین کی ذات اقدس ہمارے لئے لیے مرکز رشد وہدایت ہے۔
السراج اسلامک سنٹر میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ ہم رسول اللہ سے عشق اور محبت کے دعوے تو کرتے ہیں مگر نماز روزے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے اور بغیر نیک اعمال بجالائے جنت میں پہنچنا چاہتے ہیں۔ جبکہ ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ ہم مکہ اور مدینہ جائیں مگر اس کے لیے ماحول پیدا نہیں کرتے۔ مساجد ، بیت اللہ کی بیٹیاں ہیں، ہم ان سے غافل ہیں، انہیں آباد نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا اللہ کے رسول اپنی امت کو معراج پر بھی نہیں بھولے۔اور نمازیں پچاس سے معاف کروا کر پانچ کروادیں مگر ہم وہ بھی نہیں پڑھتے۔ اسی طرح قیامت کے دن ، رسول اللہ اپنی امت کی بخشش کے لئے سجدے میں گر جائیں گے اور اللہ تعالی آواز دے گا ، اے رسول سر اٹھا لے اورجو مانگنا چاہتا ہے ، مانگ لے۔ خدا فرمائے گا۔